ماسکو (وائس آف رشیا) روسی صدارتی دفتر کریملن نے 9 مئی کو منائے جانے والے یومِ فتح کی تقریبات کی منسوخی سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تمام تیاریاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
روسی صدارتی ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا کہ دوسری جنگ عظیم میں نازی جرمنی پر سوویت یونین کی فتح کی 81ویں سالگرہ بھرپور انداز میں منانے کی تیاریاں جاری ہیں۔
انہوں نے اس تاثر کو رد کیا کہ ماسکو کے ریڈ اسکوائر میں 9 مئی کو ہونے والی روس کی سب سے بڑی فوجی پریڈ منسوخ کر دی گئی ہے، اور کہا کہ پریڈ کی تیاریاں بدستور جاری ہیں۔
دیمتری پیسکوف کے مطابق روس اس موقع پر دوست ممالک کے رہنماؤں اور مہمانوں کی بڑی تعداد کو مدعو کرنا چاہتا ہے تاکہ اس تاریخی دن کو مشترکہ طور پر منایا جا سکے۔
یاد رہے کہ یومِ فتح روس میں ہر سال 9 مئی کو نہایت جوش و خروش سے منایا جاتا ہے، جس میں فوجی پریڈ، تقاریب اور دیگر خصوصی پروگرام شامل ہوتے ہیں۔









