ماسکو (وائس آف رشیا) روس کے الیانوسک ریجن میں ایک مسافر ٹرین پٹڑی سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں کئی بوگیاں الٹ گئیں اور کم از کم 7 افراد زخمی ہوگئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
روسی ریلوے کے مطابق چیلیابنسک سے ماسکو جانے والی ٹرین نمبر 302 صبح 6 بج کر 26 منٹ پر بریاندینو ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔ ٹرین میں 415 مسافر سوار تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق سات میں سے چھ بوگیاں الٹ گئیں جبکہ مسافروں نے کھڑکیوں کے ذریعے باہر نکل کر اپنی جان بچائی۔ حادثے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئیں اور 100 سے زائد اہلکاروں سمیت درجنوں گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض افراد کو فریکچر جبکہ دیگر کو معمولی چوٹیں آئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی ہلاکت پیش نہیں آئی۔
حادثے کے بعد مسافروں کے لیے عارضی رہائش کا انتظام بھی کیا گیا ہے جبکہ اضافی ٹرینیں اور بسیں متاثرہ افراد کے انخلا کے لیے روانہ کی گئی ہیں۔
حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ تکنیکی خرابی قرار دی جا رہی ہے۔









