ماسکو (وائس آف رشیا) روس کے نائب وزیر خارجہ اندری رودینکو نے واضح کیا ہے کہ روس اُن ممالک کو تیل فراہم نہیں کرے گا جو روسی تیل پر قیمت کی حد (پرائس کیپ) کی پالیسی کی حمایت کرتے ہیں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عالمی توانائی مارکیٹ اس وقت غیر مستحکم ہے، جہاں قلت اور قیمتوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، لیکن اس کے باوجود بعض ممالک روسی تیل پر قیمت کی حد نافذ کرنے کے پابند ہیں، جو ایک غیر منڈی اقدام ہے اور سپلائی چین کو متاثر کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ روس پہلے ہی اس مؤقف کا بارہا اظہار کر چکا ہے کہ وہ اس “اشتعال انگیز” پالیسی کی حمایت کرنے والے ممالک کو تیل فراہم نہیں کرے گا۔
اندری رودینکو نے مزید کہا کہ اگر کسی ملک کی جانب سے باضابطہ درخواست آتی ہے تو اس کا بغور جائزہ لیا جائے گا، تاہم فیصلہ کرتے وقت دوطرفہ تعلقات اور قومی اقتصادی مفادات کو ترجیح دی جائے گی۔









