پیانگ یانگ (وائس آف رشیا) شمالی کوریا نے امریکی سرزمین تک مار کرنے والے نئے میزائل انجن کا کامیاب تجربہ کر لیا۔
شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے نئے طاقتور راکٹ انجن کے تجربے کامشاہدہ کیا، شمالی کوریا اب ایک ہی میزائل سے کئی اہداف کو نشانہ بنانے کی تیاری میں ہے، ٹھوس ایندھن والے انجن سے لیس میزائل اب تیزی سے فائر ہو سکیں گے۔
کورین سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اس جدید راکٹ انجن کا زمینی تجربہ کیا گیا، جو شمالی کوریا کے اسلحہ پروگرام میں ایک اور نمایاں قدم سمجھا جا رہا ہے، اس نوعیت کے انجن بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (ICBM) کی تیاری میں استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ٹھوس ایندھن والے انجنوں کی خاصیت یہ ہے کہ انہیں کم تیاری کے ساتھ فوری طور پر لانچ کیا جا سکتا ہے، جس سے میزائل حملوں کی رفتار اور مؤثریت میں اضافہ ہوتا ہے۔
سرکاری بیان میں کہا گیا کہ یہ تجربہ نئے پانچ سالہ قومی دفاعی منصوبے کا حصہ ہے، تاہم اس کی تاریخ اور مقام کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ گزشتہ برس ستمبر کے بعد یہ پہلا باضابطہ طور پر تسلیم شدہ ہائی تھرسٹ انجن ٹیسٹ ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق حالیہ تجربے میں انجن نے 2,500 کلو نیوٹن تک تھرسٹ پیدا کیا، جو اس سے قبل رپورٹ کیے گئے 1,971 کلو نیوٹن سے زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت اس بات کا اشارہ ہے کہ شمالی کوریا دنیا بھر میں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل حاصل کرنے کے عزم پر قائم ہے، زیادہ طاقتور انجن میزائل دفاعی نظام کو ناکام بنانے کی صلاحیت بھی بڑھاتے ہیں۔
کم جونگ اُن کے مطابق ملک کی دفاعی صلاحیتیں اسٹریٹجک قوت بڑھانے کے حوالے سے ایک ’اہم مرحلے‘ میں داخل ہو چکی ہیں۔









