ماسکو(وائس آف رشیا) روسی صدارتی معاون یوری اوشاکوف نے کہا ہے کہ ایران کے حوالے سے جاری صورتحال کے حل میں امریکا کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا سکتا ہے، کیونکہ یہ مسئلہ خود امریکا اور اس کے اتحادیوں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
روسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوری اوشاکوف نے کہا کہ اس وقت امریکا ایران کے معاملے کو حل کرنے میں مصروف ہے، تاہم موجودہ صورتحال اس کی اپنی اور اس کے اسرائیلی اتحادیوں کی پیدا کردہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے میں ہم صرف یہی کہہ سکتے ہیں کہ انہیں اس عمل میں کامیابی ملے، کیونکہ بمباری کا سلسلہ جاری رہنا انتہائی تشویشناک ہے۔
روسی حکام کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، اور اس کے حل کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بیانات عالمی سطح پر جاری کشیدگی اور بڑی طاقتوں کے درمیان اختلافات کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ خطے میں امن کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں۔









