ماسکو (وائس آف رشیا) روس کے وسطی علاقے یاروسلاول میں ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کے والدین شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیے گئے۔
خطے کے گورنر میخائل یورائیف کے مطابق یہ واقعہ یاروسلاوسکی ضلع کے ایک نجی گھر میں پیش آیا، جہاں حملے کے دوران بچے کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی والدین کی حالت تشویشناک ہے۔
گورنر نے مزید کہا کہ قریبی گھر میں رہنے والی ایک خاتون بھی زخمی ہوئی ہے، جبکہ حملے کے نتیجے میں متعدد رہائشی عمارتوں اور ایک کمرشل عمارت کو نقصان پہنچا۔
میخائل یورائیف کے مطابق فضائی دفاعی نظام اور الیکٹرانک وارفیئر یونٹس نے 30 سے زائد ڈرونز پر مشتمل حملے کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے اور متعلقہ ادارے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔









