انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کو رسد کی فراہمی، پروگریس ایم ایس-33 آج ڈوک کرے گا

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی خلائی ادارے کے مطابق پروگریس ایم ایس-33 نامی کارگو خلائی جہاز تقریباً 2.5 میٹرک ٹن سامان لے کر آج بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے منسلک (ڈوک) ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق خلائی جہاز کو روسی حصے کے پوئسک ماڈیول سے ماسکو کے مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 35 منٹ پر جوڑا جائے گا۔ تاہم ایک اینٹینا میں خرابی کے باعث ڈوکنگ کا عمل خودکار کے بجائے دستی طور پر انجام دیا جائے گا۔

یہ خلائی جہاز مجموعی طور پر 2,509 کلوگرام سامان لے کر جا رہا ہے، جس میں 1,211 کلوگرام خشک سامان، سائنسی تجربات کے آلات، 828 کلوگرام ایندھن، 420 لیٹر پینے کا پانی اور 50 کلوگرام آکسیجن شامل ہے، جو خلائی اسٹیشن کے عملے اور نظام کو سپورٹ فراہم کرے گا۔

پروگریس ایم ایس-33 کو 22 مارچ کو بائیکونور کاسموڈروم سے سوئز-2.1 اے راکٹ کے ذریعے کامیابی سے خلا میں بھیجا گیا تھا، اور اس کا سفر تقریباً 49 گھنٹے پر محیط رہا۔

یہ خودکار خلائی جہاز خاص طور پر خلائی اسٹیشن کو ایندھن، خوراک، سائنسی آلات اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے مدار کو برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں