ماسکو کے وسط میں آگ لگنے سے تین افراد ہلاک، متعدد کو بحفاظت نکال لیا گیا

ماسکو(وائس آف رشیا) روس کے دارالحکومت ماسکو کے وسطی علاقے میں ایک رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا، تاہم واقعے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔

روسی ایمرجنسی وزارت کے مطابق آگ نو منزلہ عمارت کی دوسری منزل پر لفٹ ہال اور سیڑھیوں کے حصے میں لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تقریباً 100 مربع میٹر کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ریسکیو حکام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 19 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، جن میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔

ابتدائی اطلاعات میں ایک شخص کی ہلاکت اور پانچ کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں مزید دو افراد دورانِ علاج دم توڑ گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد تین ہو گئی۔

آگ بجھانے کے عمل میں 86 اہلکاروں اور 23 فائر فائٹنگ گاڑیوں نے حصہ لیا، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں