ماسکو(وائس آف رشیا) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کو اسٹیٹ افیئرز کمیشن کے چیئرمین کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
کریملن کی جانب سے جاری تہنیتی پیغام میں ولادیمیر پوتن نے کہا کہ سپریم پیپلز اسمبلی کے فیصلے سے واضح ہوتا ہے کہ عوام کو کم جونگ اُن کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے، خصوصاً سماجی و اقتصادی مسائل کے حل اور عالمی سطح پر خودمختاری کے دفاع کے حوالے سے۔
اپنے پیغام میں روسی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ روس اور شمالی کوریا کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے گا اور دونوں ممالک قریبی تعاون جاری رکھیں گے، جو دونوں اقوام کے بنیادی مفادات کے عین مطابق ہے۔
ولادیمیر پوتن نے کم جونگ اُن کے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں ذاتی کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ماسکو اس شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
آخر میں روسی صدر نے کم جونگ اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مزید کامیابی، صحت اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔
واضح رہے کہ پیانگ یانگ میں جاری ورکرز پارٹی کے اجلاس کے دوران کم جونگ اُن کو دوبارہ جنرل سیکریٹری منتخب کیا گیا، جبکہ وہ 2011 سے شمالی کوریا کی قیادت سنبھالے ہوئے ہیں اور 2016 سے اسٹیٹ افیئرز کمیشن کے سربراہ ہیں۔









