روسی فوج نے ڈونیٹسک میں گولوبووکا علاقے پر کنٹرول حاصل کر لیا، یوکرینی فوج کو بھاری نقصان

ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارتِ دفاع کے مطابق روسی افواج نے ڈونیٹسک عوامی جمہوریہ میں واقع گولوبووکا نامی علاقے کو آزاد کرا لیا ہے۔

وزارتِ دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی فوج کے جنوبی محاذی دستے کی سرگرم کارروائیوں کے نتیجے میں گولوبووکا بستی پر کنٹرول حاصل کیا گیا۔

بیان کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران روسی افواج نے یوکرینی فوج کو بھاری نقصان پہنچایا۔ مختلف محاذوں پر کارروائیوں کے نتیجے میں یوکرینی فوج کے تقریباً 1,325 اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے۔

وزارت کے مطابق شمالی محاذ کے علاقے میں یوکرینی فوج کے تقریباً 260 اہلکار مارے گئے جبکہ مغربی محاذ کے علاقے میں 190 فوجیوں کا نقصان ہوا۔ اسی طرح جنوبی اور مرکزی محاذوں پر بالترتیب 200 سے زائد اور 315 سے زیادہ اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے۔ مشرقی محاذ کے علاقے میں یوکرینی فوج کے 290 تک اہلکار جبکہ دنیپر محاذ کے علاقے میں 70 فوجیوں کے نقصان کی اطلاع دی گئی ہے۔

روسی وزارتِ دفاع نے مزید بتایا کہ روسی افواج نے گزشتہ ایک دن کے دوران یوکرینی فوج کو توانائی فراہم کرنے والے بنیادی ڈھانچے کو بھی نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے جنگی ڈرونز کی تیاری اور لانچنگ کے مقامات، یوکرینی مسلح دستوں اور غیر ملکی کرائے کے جنگجوؤں کے عارضی ٹھکانوں پر 142 مختلف علاقوں میں حملے کیے گئے۔

ان کارروائیوں میں روسی مسلح افواج کی فضائیہ، جنگی ڈرونز، میزائل فورسز اور توپ خانے نے حصہ لیا۔

روسی فضائی دفاعی نظام نے بھی کارروائی کرتے ہوئے یوکرینی فوج کے 754 بغیر پائلٹ طیارے، تین گائیڈڈ فضائی بم اور امریکی ساختہ ہائمرز راکٹ سسٹم کے تین راکٹ مار گرائے۔

وزارتِ دفاع کے مطابق خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز سے اب تک روسی افواج نے یوکرینی فوج کے 670 جنگی طیارے، 284 ہیلی کاپٹر، ایک لاکھ اکیس ہزار سے زائد ڈرون، 651 فضائی دفاعی نظام، 28 ہزار سے زیادہ ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں سمیت بڑی مقدار میں فوجی سازوسامان تباہ کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں