ماسکو (وائس آف رشیا) روس کے دارالحکومت میں 3 سے 5 مارچ 2026 تک 65واں بین الاقوامی ٹیکسٹائل اور لائٹ انڈسٹری ایکسپو ٹیکسٹائللیگ پروم منعقد ہوا، جس میں ٹیکسٹائل، ملبوسات، خام مال اور فیشن شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد، کارخانے، سپلائرز اور خریداروں نے بھرپور شرکت کی۔
یہ ایونٹ کروکس ایکسپو کے پویلین 3 ہال نمبر13 میں منعقد ہوا، جہاں سینکڑوں کمپنیوں نے اپنی تازہ ترین مصنوعات، جدید ٹیکنالوجیز اور کاروباری حل پیش کیے۔ ایکسپو میں مجموعی طور پر 570 سے زائد نمائش کنندگان شریک ہوئے جبکہ 31 ہزار سے زیادہ زائرین نے تین روزہ نمائش کا رخ کیا۔ شرکاء میں روس اور سی آئی ایس ممالک سمیت مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے صنعتکار اور ماہرین شامل تھے۔
نمائش میں ٹیکسٹائل مشینری، خام مال، تیار ملبوسات، گھریلو ٹیکسٹائل، فیشن لوازمات اور متعلقہ شعبوں کی مصنوعات پیش کی گئیں، جس سے کاروباری شخصیات کو نئی منڈیوں تک رسائی، شراکت داریوں کے قیام اور براہِ راست معاہدوں کے مواقع میسر آئے۔
اس بین الاقوامی ایونٹ میں پاکستان کی معروف ٹیکسٹائل کمپنی کوہِ نور ملز لمیٹڈ نے بھی اپنا اسٹال قائم کیا، جہاں کمپنی کی جانب سے تیار کردہ مختلف اقسام کے اعلیٰ معیار کے کپڑوں کی وسیع ورائٹی نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ پاکستانی اسٹال کو خریداروں اور روسی تاجروں کی جانب سے خاصی توجہ حاصل رہی۔
نمائش کے دوران ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے کے ہیڈ آف چانسلری گیان چند نے ایکسپو کا دورہ کیا اور کوہِ نور ملز کے اسٹال پر بھی گئے، جہاں انہوں نے کمپنی کے ڈپٹی جنرل منیجر رضوان اسلم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں روسی مارکیٹ میں پاکستانی ٹیکسٹائل کے امکانات اور دوطرفہ تجارتی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر رضوان اسلم نے “وائس آف رشیا” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس ایک بڑی اور ابھرتی ہوئی منڈی ہے جہاں معیاری پاکستانی ٹیکسٹائل مصنوعات کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بین الاقوامی نمائشیں براہِ راست خریداروں سے روابط قائم کرنے اور طویل المدتی معاہدوں کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
دوسری جانب ماسکو کی معروف کاروباری شخصیت سید خورشید رضوی نے “وائس آف رشیا” سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سرکاری اور نجی سطح پر روابط کو مزید منظم کیا جائے تو دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔
شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ 65واں ٹیکسٹائل ایکسپو نہ صرف روسی ٹیکسٹائل صنعت کے لیے ایک اہم کاروباری پلیٹ فارم ثابت ہوا بلکہ عالمی سطح پر تجارتی روابط کو مضبوط بنانے میں بھی اس نے نمایاں کردار ادا کیا، جبکہ پاکستانی کمپنیوں کی شرکت کو پاک-روس اقتصادی تعلقات کے تناظر میں مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔










