ماسکو(وائس آف رشیا) روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ مسلح جھڑپوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلامی امارتِ افغانستان اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے مابین تصادم میں غیر معمولی اور تیز رفتار شدت دیکھنے میں آئی ہے۔ ان کے مطابق جھڑپوں میں باقاعدہ فوجی یونٹس، جنگی طیارے اور بھاری ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں دونوں جانب جانی نقصان اور زخمیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ متاثرین میں شہری بھی شامل ہیں۔
روسی ترجمان نے زور دیا کہ یہ صورتحال نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
ماریا زاخارووا نے افغانستان اور پاکستان کو “دوست ممالک” قرار دیتے ہوئے پرزور اپیل کی کہ وہ خطرناک محاذ آرائی اور کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کریں اور اپنے اختلافات کو سیاسی و سفارتی ذرائع کے ذریعے حل کرنے کے لیے فوری طور پر مذاکراتی عمل کی جانب واپس آئیں۔
روس کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سرحدی کشیدگی میں تیزی دیکھی جا رہی ہے اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں۔









