یورپی بیوروکریٹس مغربی تہذیب کو نقصان پہنچا رہے ہیں، امریکا اسے روکنا چاہتا ہے: روسی ایلچی

ماسکو (وائس آف رشیا) روسی صدر کے خصوصی نمائندے اور روسی ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ کے سربراہ کریل دیمتریئیف نے کہا ہے کہ امریکا مغربی تہذیب کو یورپی بیوروکریٹس سے بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کریل دیمتریئیف نے کہا کہ امریکا مغربی تہذیب کا گہرا خیال رکھتا ہے اور یورپی یونین کے بیوروکریٹس کو اسے تباہ کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے بقول یورپی بیوروکریٹس جھوٹے بیانیے، مہاجرت، جنگی پالیسیوں اور معاشی تنزلی کے ذریعے مغربی تہذیب کو نقصان پہنچانے میں مہارت رکھتے ہیں۔

روسی صدر کے خصوصی نمائندے نے یہ تبصرہ امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو کی میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر کی گئی تقریر پر کیا، جس میں انہوں نے امریکی عوام کو مغربی تہذیب کا حصہ قرار دیا تھا۔

دمتریئیف نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں یہ واضح نہیں کہ بالآخر کون کامیاب ہوگا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی انہوں نے کہا تھا کہ یورپی رہنما یوکرین تنازع کے حل کے حوالے سے اپنے مؤقف پر نظرثانی کر رہے ہیں کیونکہ انہیں روس اور امریکا کے درمیان ممکنہ تعاون کا خدشہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں