ماسکو: ویزہ فراڈ اور جعلی رجسٹریشن میں ملوث افراد کو 5 سے 10 سال قید کی وارننگ، صدر پاکستان کمیونٹی روس ملک شہباز کا سخت اعلان

ماسکو(وائس آف رشیا) پاکستان کمیونٹی روس کے صدر ملک شہباز نے روس میں مقیم پاکستانیوں کو ویزہ فراڈ، جعلی رجسٹریشن اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق سخت انتباہ جاری کر دیا ہے۔

ماسکو میں جاری اپنے بیان میں ملک شہباز کا کہنا تھا کہ روس میں ویزہ فراڈ اور جعلی دستاویزات کے استعمال جیسے جرائم سنگین نوعیت کے حامل ہیں اور روسی قانون کے تحت ان جرائم کی سزا 5 سال سے 10 سال تک قید ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند عناصر کی غیر قانونی سرگرمیاں نہ صرف انفرادی نقصان کا باعث بنتی ہیں بلکہ پوری پاکستانی کمیونٹی کی ساکھ کو بھی متاثر کرتی ہیں۔

صدر پاکستان کمیونٹی روس نے واضح کیا کہ کمیونٹی ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرے گی۔ اگر کسی پاکستانی شہری کے ساتھ ویزہ، رجسٹریشن یا کسی بھی نوعیت کا مالی یا قانونی فراڈ ہوا ہے تو وہ ثبوت کے ہمراہ صدر پاکستان کمیونٹی روس کے نام تحریری درخواست جمع کروا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موصول ہونے والی شکایات کی بنیاد پر متعلقہ حکام سے رابطہ کر کے ملوث افراد کو گرفتار کروایا جائے گا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ملک شہباز نے روس میں مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ روسی قوانین کی مکمل پاسداری کریں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے سے گریز کریں تاکہ کمیونٹی کا وقار برقرار رہے۔

یاد رہے کہ ریڈ سکوائر میں ایک پاکستانی نوجوان نوبالغ لڑکی کی کمر پر ہاتھ لگانےکے جرم میں 8 سال قید کی سزا بھگت رہا ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں