امریکا کے ساتھ برابری کی سطح پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں، روسی نائب وزیر خارجہ

ماسکو (وائس آف رشیا) روسی نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ ماسکو یوکرین کے معاملے پر واشنگٹن کے ساتھ برابری کی سطح پر مذاکرات کے لیے تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر سخت مؤقف اختیار کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔

ماسکو میں منعقدہ ایک بین الاقوامی سائنسی و ماہرین فورم سے خطاب کرتے ہوئے سرگئی ریابکوف نے کہا کہ روس کسی خوش فہمی میں مبتلا نہیں اور امریکا کے ساتھ بات چیت صرف مساوی بنیادوں پر ہی آگے بڑھائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حالات کا تقاضا ہوا تو روس مضبوط اور دو ٹوک انداز میں مذاکرات کرے گا۔

روسی نائب وزیر خارجہ نے یورپ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو کو اس وقت یورپی ممالک کی شدید مخالفت کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق یورپ کیئف حکومت کا بڑا حامی بن چکا ہے اور روس کے خلاف منظم پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

سرگئی ریابکوف کا کہنا تھا کہ یورپ کی جانب سے عسکری تیاریوں اور ممکنہ براہِ راست محاذ آرائی کی باتیں صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہیں، جو جاری سفارتی عمل کے لیے ایک اہم رکاوٹ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں