ماسکو(وائس آف رشیا): روسی وفاق میں پاکستان کے سفیر، عزت مآب فیصل نیاز ترمذی نے ماسکو اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز (ایم جی آئی ایم او) کا دورہ کیا، جو روسی وزارتِ خارجہ کے زیرِ انتظام ایک ممتاز تعلیمی ادارہ ہے۔ اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کے ریکٹر، پروفیسر اناتولی تورکونوف سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایم جی آئی ایم او اور پاکستان کی معروف جامعات و تھنک ٹینکس کے درمیان تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ فریقین نے تعلیمی تبادلوں میں اضافے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے اجراء اور سائنسی و ثقافتی تقریبات کے انعقاد کے حوالے سے باہمی دلچسپی اور عزم کا اعادہ کیا۔
دورے کے دوران سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اُن روسی طلبہ سے بھی ملاقات کی جو پاکستان اور جنوبی ایشیا کے مطالعات میں مصروف ہیں۔ سوال و جواب کے سیشن میں سفیر نے طلبہ کی اردو زبان پر مہارت اور پاکستان سے متعلق ان کے گہرے علم کو سراہا۔
یہ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوئی، جس میں تعلیمی اور سائنسی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔











