یوکرین کے حملوں میں زاپورزوئے ریجن میں 5 شہری ہلاک، 9 زخمی

ماسکو(وائس آف رشیا) یوکرین کی جانب سے دن بھر کی گئی گولہ باری کے نتیجے میں زاپورزوئے ریجن کے علاقے واسیلیوکا میں کم از کم پانچ شہری ہلاک اور نو زخمی ہو گئے۔ یہ بات واسیلیوفسکی میونسپل ایریا کی سربراہ نتالیہ رومانیچینکو نے بتائی۔

انہوں نے روسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ دن کے دوران مختلف حملوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، جن میں ایک جنازے پر کیا گیا حملہ بھی شامل ہے۔ اس حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہوئے۔

نتالیہ رومانیچینکو کے مطابق یوکرینی حملوں میں شہری تنصیبات اور عام افراد کو دانستہ طور پر نشانہ بنایا گیا۔ حملوں میں ایک فوڈ ڈیلیوری گاڑی بھی شامل تھی جس پر واضح طور پر “بریڈ” (روٹی) کا نشان لگا ہوا تھا۔ اس حملے میں گاڑی کا ڈرائیور ہلاک ہو گیا۔ اس کے علاوہ ایک ڈرون حملے میں سائیکل پر سوار ایک شہری کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کیف حکومت کے حامی یہ نہیں دیکھتے کہ وہ کس پر حملہ کر رہے ہیں۔ انہیں اس بات کی کوئی پروا نہیں کہ سامنے بچے ہیں، بزرگ ہیں یا نوجوان۔ وہ ان لوگوں کے خلاف جنگ کر رہے ہیں جو جوابی کارروائی کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں