پاکستانی سفیرفیصل نیاز ترمذی کا پیپلز فرینڈشپ یونیورسٹی (RUDN) کا دورہ

ماسکو (وائس آف رشیا): روسی فیڈریشن میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیر محترم فیصل نیاز ترمذی نے ماسکو کی معروف پیپلز فرینڈشپ یونیورسٹی (RUDN) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یونیورسٹی کے ریکٹر اولیگ یاستریبوف اور وائس ریکٹر مرینا ریکٹس سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات RUDN یونیورسٹی میں منعقدہ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس “All Flags at RUDN” کے موقع پر ہوئی، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سفارتی اور تعلیمی نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر محترم فیصل نیاز ترمذی نے روسی جامعات، بالخصوص RUDN یونیورسٹی میں پاکستانی طلبہ کی تعداد میں اضافے کے حوالے سے اپنے وژن کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔

راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کے دوران RUDN یونیورسٹی کی جانب سے داخلوں، اسکالرشپس اور اعلیٰ تعلیمی مواقع سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

سفیر پاکستان کو RUDN یونیورسٹی میں ایک خصوصی لیکچر دینے کی دعوت بھی دی گئی، جبکہ پاکستانی طلبہ کے داخلوں سے متعلق امور پر یونیورسٹی کے ریکٹر کے ساتھ ایک علیحدہ اور خصوصی ملاقات بھی منعقد ہوئی۔

اس اہم تعلیمی تقریب میں ڈاکٹر شاہد حسن، جو روسی تعلیم و سائنس کے سفیر کے طور پر جانے جاتے ہیں، نے بھی خصوصی شرکت کی، جسے پاک-روس تعلیمی تعلقات کے فروغ کے لیے ایک خوش آئند اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں