ماسکو میں روسی لیفٹیننٹ جنرل پر قاتلانہ حملہ ناکام بنا دیا گیا

ماسکو (وائس آف رشیا) روسی دارالحکومت ماسکو میں ایک اعلیٰ فوجی افسر پر قاتلانہ حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ روسی تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ولادیمیر الیکسییف کو نامعلوم حملہ آور نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے بعد انہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تحقیقاتی کمیٹی کی ترجمان سویتلانا پیترنکو نے بتایا کہ واقعے کے بعد قتل کی کوشش اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزامات کے تحت فوجداری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق حملہ 6 فروری کو ماسکو کے شمال مغربی علاقے میں واقع ایک رہائشی عمارت میں پیش آیا، جہاں نامعلوم شخص نے جنرل پر متعدد فائر کیے اور موقع سے فرار ہو گیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمی افسر کو فوری طور پر شہر کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

واقعے کے بعد ماسکو کی تحقیقاتی کمیٹی کے تفتیش کار اور فرانزک ماہرین جائے وقوعہ پر موجود ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ عینی شاہدین سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق حملہ آور کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیشی و آپریشنل اقدامات جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں