پاکستان اور یوریشین اکنامک یونین کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری پر مذاکرات

ماسکو(وائس آف رشیا) روس میں تعینات پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے یوریشین اکنامک کمیشن (EAEU) کے وزیر تجارت آندرے سلپنئیف سے ماسکو میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران پاکستانی سفیر نے پاکستان اور EAEU کے درمیان روابط کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان یوریشین ممالک کے ساتھ تجارتی، سرمایہ کاری اور رابطہ کاری کے شعبوں میں مزید پیشرفت کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹریڈ ٹرانزٹ، کنیکٹیویٹی اور B2B تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں اور پاکستان علاقائی تجارت میں ایک فعال کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے آرمینیا کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام سے یوریشین خطے کے ساتھ روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

دونوں فریقین نے مستقبل کی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے اس بات پر آمادگی ظاہر کی کہ پاکستان اور EAEU کے درمیان تجارتی تعاون کو بڑھانے اور تعلقات کو عملی طور پر مضبوط بنانے کے لیے مؤثر میکنزم وضع کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں