ماسکو (وائس آف رشیا) روسی صدر ولادیمیر پوتن کو امریکہ کی طرف سے غزہ امن کونسل میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے بتایا کہ ماسکو اس پیشکش کی تمام تفصیلات کا جائزہ لے رہا ہے اور جلد امریکہ سے رابطہ کرکے وضاحت طلب کی جائے گی۔
پیسکوف کے مطابق، یہ دعوت سفارتی چینلز کے ذریعے موصول ہوئی ہے اورصدرپوتن اس پرغور کر رہے ہیں۔
قبل ازیں، قزاقستان کے صدر قاسم-جومارت توکایف کے ترجمان نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قازق صدر کو بھی اس کونسل میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے اور قازقستان بانی ممالک میں شامل ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق دیگر کئی ممالک کے رہنماؤں کو بھی امریکہ نے اس کونسل میں شمولیت کی پیشکش کی ہے۔
یہ کونسل اسرائیل اور حماس کے درمیان اکتوبر 2025 میں طے پانے والے امن منصوبے کے دوسرے مرحلے کے دوران کام شروع کرے گی، جس میں مصر، قطر، امریکہ اور ترکی نے ثالثی کا کردار ادا کیا تھا۔









