پاک فوج نے برطانوی کیمبرین پیٹرول2025 میں گولڈ میڈل جیت لیا

راولپنڈی (وائس آف رشیا) پاکستان آرمی کی ٹیم نے برطانیہ کی بین الاقوامی مشق کیمبرین پیٹرول 2025 میں گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کیمبرین پیٹرول3سے13اکتوبر 2025تک ویلز برطانیہ میں منعقد ہوئی، ایکسرسائز کیمبرین پیٹرول نے 66ویں سال بھی اپنے پیشہ ورانہ معیار کو برقراررکھا۔

ایکسرسائز کیمبرین پیٹرول 2025 میں 36 ممالک کی 137 ٹیموں نے حصہ لیا، پاکستان آرمی ٹیم کی قیادت کیپٹن محمد سعد نے کی، پاکستانی ٹیم نے غیر معمولی کارکردگی کی بنیاد پر میڈل جیتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گولڈ میڈل حاصل کرنا پوری قوم اور پاک فوج کیلئے قابل فخر لمحہ ہے، پاک فوج اپنی اعلیٰ تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کے حوالے سے جانی جاتی ہے، پاک فوج نے ملک کا پرچم ہمیشہ بلند رکھا اور آئندہ بھی رکھے گی۔

واضح رہے کہ کیمبرین پیٹرول ایکسرسائز دنیا کی مشکل ترین فوجی مشقوں میں شمار ہوتی ہے۔

صدرپوتن نے خزاں 2025 کی فوجی بھرتی کا حکم نامہ جاری کر دیا

ماسکو (وائس آف رشیا) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے خزاں 2025 کے لیے فوجی بھرتی کا فرمان جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق یکم اکتوبر سے 31 دسمبر تک 1 لاکھ 35 ہزار شہریوں کو فوج میں بھرتی کیا جائے گا۔

سرکاری قانونی معلوماتی پورٹل پر شائع فرمان میں کہا گیا ہے کہ 18 سے 30 برس کے وہ روسی شہری، جو ریزرو میں شامل نہیں اور لازمی فوجی خدمات کے تحت آتے ہیں، بھرتی کے پابند ہوں گے۔

فرمان کے تحت اپنی لازمی فوجی مدت مکمل کرنے والے فوجی، ملاح، سارجنٹ اور فار مین کو ڈیوٹی سے سبکدوش بھی کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں وفاقی حکومت، علاقائی حکام اور فوجی کمیشنوں کو تمام انتظامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ وفاقی وزراء اور دیگر اداروں کے سربراہان کو اپنے محکموں میں تعینات اہلکاروں کی بھرتی کا عمل منظم کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

بھارت نے پاکستان کو ہرا کر ایشیا کپ 2025 اپنے نام کرلیا

دبئی (وائس آف رشیا) ایشیا کپ کے فائنل اور تاریخی ٹاکرے میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر نویں بار ایشیا کپ 2025 اپنے نام کرلیا۔

بھارت نے پاکستان کی جانب سے ملنے والا 147 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، تلک ورما 69 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔

بھارت کی جانب سے اوپنر بیٹر ابھیشک شرما 5 اور شبمن گل 10 رنز بنا کر فاسٹ باؤلر فہیم اشرف کا شکار بنے، کپتان سوریا کمار یادو کو ایک رن پر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا جبکہ سنجو سیمسن کیچ ڈراپ ہونے کے باوجود 24 رنز پر ابرار احمد کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، شیوَم دوبے 33 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں دبئی کے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار ہونیوالے پاک بھارت مقابلے میں بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو نے میچ کا ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 146 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 57 رنز کیساتھ نمایاں رہے جبکہ 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے جن میں سے 3 کھلاڑی بغیر کھاتے کھولے پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور 84 رنز کی شراکت قائم کی تاہم صاحبزادہ فرحان 38 گیندوں پر 57 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

پاکستان کا دوسرا نقصان صائم ایوب کی صورت میں ہوا جب وہ 10 گیندوں پر 14 رنز بنا کر کلدیپ یادو کی گیند پر جسپریت بمراہ کو کیچ تھما بیٹھے جبکہ نئے آنے والے بلے باز محمد حارث بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔

اوپنر بلے باز فخر زمان 35 گیندوں پر 46 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 2 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے، حسین طلعت ایک رن جبکہ کپتان سلمان علی آغا 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف اور شاہین آفریدی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے، حارث رؤف 6 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوئے جبکہ محمد نواز 9 گیندوں پر 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اکشر پٹیل، وارون چکراورتی اور جسپریت بمراہ نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

روس اور بیلاروس کی مشترکہ ’’زاپاد 2025‘‘ فوجی مشقیں اختتام پذیر

ماسکو(شاہد گھمن سے) روس اور بیلاروس کی مشترکہ اسٹریٹجک فوجی مشقیں “زاپاد 2025” 12 سے 16 ستمبر تک جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوگئی ہیں۔ روسی وزارتِ دفاع کے مطابق، ان مشقوں میں شریک روسی فوجی یونٹس اور اتحادی افواج اب اپنی مستقل تعیناتی والے مقامات پر واپس جا رہی ہیں۔

وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ مشقوں میں ڈرونز، زمینی روبوٹک سسٹمز اور الیکٹرانک وارفیئر آلات کے بڑے پیمانے پر استعمال کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، گاڑیوں، بگیز اور آل ٹیرین وہیکلز کے ذریعے حملہ آور آپریشنز کی مشق، دشمن کے ڈرونز کو ناکام بنانے کے طریقے، فضائی دفاعی نظام، جدید کاؤنٹر بیٹری سسٹمز اور ہائی پریسجن اسلحے کے استعمال کا عملی مظاہرہ بھی شامل تھا۔ ان تمام سرگرمیوں میں یوکرین میں جاری خصوصی فوجی آپریشن کے تجربات کو مدنظر رکھا گیا۔

بیان کے مطابق، 55 ممالک کے 100 سے زائد فوجی و سفارتی نمائندوں اور غیر ملکی مہمانوں نے روس کے مولینو ٹریننگ گراؤنڈ پر مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر 25 غیر ملکی وفود موجود تھے، جن میں 16 ممالک کے نمائندے اور 6 ممالک کے فوجی دستے براہِ راست شریک ہوئے۔

یہ مشقیں روس اور بیلاروس کے 41 تربیتی میدانوں کے ساتھ ساتھ بحیرہ بالٹک اور بحیرہ بیرینٹس میں بھی منعقد ہوئیں۔

کچھ امریکی کمپنیاں 2025 کی دوسری سہ ماہی میں روس واپس آئیں گی،آرڈی ایف

ماسکو(وائس آف رشیا) RDIF کے سی ای او کرل دیمتریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روسی براہ راست سرمایہ کاری فنڈ (RDIF) کو توقع ہے کہ 2025 کی دوسری سہ ماہی میں متعدد امریکی کمپنیاں روسی مارکیٹ میں واپس آئیں گی، ۔

“آر ڈی آئی ایف کو توقع ہے کہ سال کی دوسری سہ ماہی میں بہت سی امریکی کمپنیاں روسی مارکیٹ میں واپس آجائیں گی۔ تاہم، امریکی کمپنیوں کے لیے واپسی کا عمل آسان نہیں ہوگا کیونکہ بہت سے مقامات پر پہلے ہی دوسروں کا قبضہ ہے،”

دمتریف نے گشتہ روز کہا تھا کہ روس چھوڑنے کے بعد امریکی کاروباری اداروں کو 300 بلین ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔

آر ڈی آئی ایف کے سربراہ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، زیادہ تر نقصان آئی ٹی اور میڈیا کے شعبے میں ہوا ($123 بلین)۔ کنزیومر سیکٹر اور ہیلتھ کمپنیوں کو 94 بلین ڈالر کا نقصان ہوا، اس کے بعد مالیاتی کمپنیاں ($71 بلین)، انڈسٹریز ($26 بلین) اور انرجی سیکٹر ($10 بلین)۔ امریکی کاروباروں کو ہونے والا کل نقصان تقریباً 324 بلین ڈالر ہے۔

پاکستانی پاسپورٹ پر 2025 میں ویزا فری ممالک کی فہرست جاری

پاکستانی پاسپورٹ، جو دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شمار ہوتا ہے، 2025 میں بھی چند ممالک کے لیے ویزا فری سفر کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے جنوری سے جون 2025 کے لیے جاری کردہ پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق، پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد 33 ممالک میں ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ویزا فری رسائی کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے:

حقیقی ویزا فری سفر: ایسی صورت حال جہاں کسی قسم کے انتظامات کی ضرورت نہیں ہوتی۔
ویزا آن ارائیول: جہاں متعلقہ ملک پہنچنے پر ویزا جاری کیا جاتا ہے۔
الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی (ای ٹی اے): جہاں پیشگی آن لائن اجازت نامہ حاصل کیا جاتا ہے۔
12 ممالک میں مکمل ویزا فری رسائی

رپورٹ کے مطابق، 12 ایسے ممالک ہیں جہاں پاکستانی شہری بغیر کسی ویزا کے سفر کر سکتے ہیں، تاہم سفر کے لیے پاسپورٹ کا ہونا ضروری ہے۔ یہ ممالک درج ذیل ہیں:

بارباڈوس: کیریبئین جزائر کا ایک ملک جو پاکستانی شہریوں کو بغیر ویزا قیام کی اجازت دیتا ہے۔
جزائر کک: جنوبی بحر الکاہل میں واقع یہ خوبصورت مقام پاکستانیوں کے لیے ویزا فری ہے۔
ڈومینیکا: کیریبئین کے چھوٹے ملک میں بھی ویزے کے بغیر سفر ممکن ہے۔
ہیٹی: کیریبئین جزائر میں واقع ایک اور ملک جو پاکستانیوں کو ویزا کے بغیر خوش آمدید کہتا ہے۔
مڈغاسکر: افریقہ کا چوتھا بڑا جزیرہ جو ویزا فری سفر کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
مائیکرونیشیا: بحر الکاہل میں واقع جزائر پر مشتمل ملک، جہاں ویزا فری قیام ممکن ہے۔
مانٹسریٹ: برطانیہ کے زیر انتظام کیریبئین جزائر، جہاں ویزا کے بغیر سفر کیا جا سکتا ہے۔
نیووے: جنوبی بحر الکاہل میں واقع یہ جزیرہ پاکستانیوں کے لیے کھلا ہے۔
روانڈا: افریقہ کا یہ ملک بھی پاکستانی شہریوں کو ویزا فری رسائی فراہم کرتا ہے۔
سینٹ ونسنٹ اور گرینیڈینز: کیریبئین میں واقع یہ چھوٹا ملک بھی ویزا فری سفر کی اجازت دیتا ہے۔
ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو: کیریبئین جزائر کا ایک اور ملک جہاں پاکستانی ویزے کے بغیر جا سکتے ہیں۔
وانواتو: آسٹریلیا کے قریب واقع جزائر پر مشتمل یہ ملک بھی ویزا فری ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔
پاکستانی مسافروں کے لیے خوشخبری

یہ ممالک پاکستانی شہریوں کو ایک منفرد موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ ویزا کے جھنجھٹ کے بغیر ان ممالک کا سفر کر سکیں۔ یہ خبر ان پاکستانی مسافروں کے لیے خوشخبری ہے جو دنیا گھومنے کے خواہش مند ہیں۔

روس میں نئے سال 2025کو پرجوش طریقے سے خوش آمدید کہا گیا

ماسکو(وائس آف رشیا) دنیا بھر کی طرح روس میں بھی نئے سال 2025 کو بھرپور جوش و جذبے خوش آمدید کہا گیا 31 دسمبر کی رات 12 بجتے ہی ماسکو ، سینٹ پیٹرزبرگ، کازان، اوفا سمیت دیگر شہروں میں شہریوں نے اپنے اپنے روایتی انداز میں نئے سال کوویلکم کیا.

نئے سال کے استقبال کیلئے اس بار دنیا کے مختلف ممالک سے سیاحوں کی بڑی تعداد نے ماسکو کا رخ کیا جبکہ شدید سردی کے باوجود شہریوں کی بہت بڑی تعداد ریڈ سکوائرپر موجود تھی نئے سال کی آمد کے موقع پر ماسکو شہر کو دلہن کی طرح سجا یا گیا ہے شہر کی شاہراہیں، پارکس، عمارتیں اور بالخصوص ریڈ سکوائر کے چاروں طرف عمارتوں کو رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجایا گیاہے .

ریڈ سکوائر پرحسب روایت نئے سال کا یولکا ٹری بھی لگایا گیا ہے جبکہ بچوں کیلئے سکیٹنگ کے لیے خصوصی انتظام کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کے سٹالز بھی لگائے گئے جہاں پرلوگ مختلف قسم کے کھانوں سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیئے.گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی سکیورٹی وجوہات کی بنا پرماسکو سمیت مختلف شہروں میں آتش بازی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا.

حسب روایت نئے سال کی آمد سے پانچ منٹ پہلے روسی صدر ولادیمیر پوتن نے سرکاری ٹی وی پربراہ راست اپنے خطاب نئے آنیوالے سال کیلئے نیک تمنائوں کا اظہارکرتے ہوئے عوام کو مبارکباد پیش کی، ان کا کہناتھا کہ گزشتہ 24 سالوں کے دوران، روس آزاد اور مضبوط رہنے میں کامیاب رہا ہے کیونکہ اس نے اپنے عوام کے اتحاد، ان کے ایمان اور ان کی صلاحیتوں کی بدولت بہت سے سخت اور تاریخی چیلنجوں کا سامنا کیا ہے ۔

امریکا میں سال 2025 کا آغاز ہو گیا ہے نئے سال کی آمد پر نیویارک ٹائمز اسکوائر پر جشن اور شاندار آتشبازی کی گئی۔

نیویارک (وائس آف رشیا) نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر سال نو کے جشن کی رنگا رنگ تقریب ہوئی اور شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر نصب کرسٹل بال زمین سے 130 فٹ کی بلندی پر پہنچایا گیا۔ 700 پاؤنڈ وزنی اور 2488 کرسٹلز سے سجے اس بال نے قوس وقزح کے سارے رنگ بکھیرے۔

امریکا کی دیگر ریاستوں میں بھی ٹائم زون کے مطابق سال نو کا جشن منایا گیا۔ اس موقع پر آسمان رنگا رنگ روشنیوں سے نہا گیا۔

کیلیفورنیا میں رنگا رنگ فلاور پریڈ ہوئی اور پھولوں سے بھرے فلوٹس سے نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا۔ اس کے ساتھ ہی امریکا کی جنوب مشرقی ریاست جارجیا میں نئے سال کا استقبال منفرد انداز میں ایک بہت بڑے دھماکے سے کیا گیا۔ 31 دسمبر اور یکم جنوری کی درمیانی شب 12 بجتے ہی ایک 16 سالہ خالی عمارت کو دھماکے سے اڑایا دیا گیا جس کی منظوری ریاستی حکومت نے پہلے ہی دے رکھی تھی۔

واضح رہے کہ دنیا میں سب سے پہلے نئے سال کا آغاز نیوزی لینڈ میں ہوا جہاں پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 31 دسمبر کی شام 4 بجے سال نو کا جشن شروع ہوا۔ اس کے بعد روس کے دور دراز کے جزائز میں پاکستان کے شام 5 بجے کے وقت وہاں نیا سال شروع ہوا۔

نیوزی لینڈ اور روس کے بعد آسٹریلیا میں پاکستانی وقت کے معیاری وقت کے مطابق 31 دسمبر کی شام 6 بجے نیا سال شروع ہوا۔ براعظم آسٹریلیا کے بعد سال 2025 سفر کرتا ہوا جاپان پہنچا تھا اور اس کے بعد جنوبی کوریا سمیت قریبی ممالک میں بھی نئے سال کی شروعات ہوئیں۔

جاپان، شمالی کوریا، فلپائن، چین، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، میانمار، بنگلا دیش، نیپال، سری لنکا اور بھارت سے ہوتا ہوا سال 2025 پاکستان پہنچا اور یہاں بھی پاکستانی عوام نے بھرپور طریقے سے جشن منا کر نئے سال کو خوش آمدید کہا۔ سب سے آخر میں کینیڈا اور امریکا میں سال نو کی شروعات ہوئی ہیں۔

روس : کینسر کی ویکسین میں اہم پیشرفت، 2025 تک مریضوں کو مفت لگائی جائے گی

ماسکو(وائس آف رشیا) روس نے کینسر کے علاج کےلیے ایک ایم آر این اے ویکسین بنانے کا دعویٰ کیا ہے جو 2025 تک مریضوں کو مفت لگائی جائے گی۔

ویکسین کے متعلق یہ اعلان روسی وزارتِ صحت کے تحت کام کرنے والے ریڈیولوجی میڈیکل ریسرچ سینٹر کے جنرل ڈائریکٹر آندرے کیپرن نے ریڈیو روسیا سے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔

روس کی تاس نیوز ایجنسی کے مطابق یہ ویکسن متعدد تحقیقی مراکز کی مشترکہ کوشش کا نتیجہ ہے۔ پری-کلینیکل ٹرائلز میں ویکسین میں ٹیومر کی نمو کو روکنے اور میٹاسٹیسس (کینسر کے خلیات کا جسم کے کسی دوسرے حصے میں جا کر بیماری کو پھیلانا) سے بچانے کی صلاحیت دیکھی گئی۔

ایم آر این اے ویکسین جسم میں آر این اے کا ایک ٹکڑا داخل کر کے کام کرتی ہیں، جو خلیوں کو مخصوص پروٹین بنانے پر مجبور کرتا ہے۔ آر این اے ایک پولی میرک مالیکیول ہوتا ہے جو زندہ خلیوں میں اکثریتی حیاتیاتی فنکشنز کے لیے اہم ہوتا ہے۔

مدافعتی نظام اس پروٹین کی بیرونی جزو کے طور پر شناخت کرتا ہے اور اس سے لڑنے کے لیے اینٹی باڈیز بناتا ہے۔ کینسر کے کیس میں یہ عمل کینسرکے خلیوں کی شناخت کرنے اور ان پر حملہ کرنے میں مدافعتی نظام کی مدد کرتا ہے۔

یوکرین یکم جنوری 2025 کو روسی گیس ٹرانزٹ کو روک دے گا، یوکرائنی وزیر اعظم

ماسکو(وائس آف رشیا) یوکرین کے وزیر اعظم ڈینس شمیگل نے کہا کہ یوکرین مقامی وقت کے مطابق صبح 07:00 بجے (05:00 بجے GMT) روسی گیس ٹرانزٹ کو ختم کر دے گا کیونکہ پانچ سالہ معاہدہ ختم ہو جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم اس وقت سمجھتے ہیں کہ گیس ٹرانزٹ کا معاہدہ یکم جنوری 2025 کو ختم ہو رہا ہے۔ اس معاہدے کے ختم ہونے کے پیش نظر صبح 7 بجے ٹرانزٹ کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر یہ روسی گیس نہیں ہے تو یوکرین کے گیس ٹرانسپورٹیشن سسٹم کے ذریعے ٹرانزٹ کا دوبارہ آغاز یورپی کمیشن کی درخواست پر ممکن ہے۔ شمیگل نے مزید کہا کہ یوکرین کو توانائی کے چارٹر معاہدے کے تحت روسی تیل کی ترسیل کو بھی جاری رکھنا ہوگا۔

یوکرین نے فروری 2022 میں روس کے ساتھ گیس اور تیل کی ترسیل کے علاوہ کسی بھی تجارتی کارروائی پر پابندی لگا دی تھی۔ یوکرین کے نافتوگاز اور گیز پروم کے درمیان ٹرانزٹ معاہدہ 2019 کے اختتام پر پانچ سال کی مدت کے لیے کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں