ابوظہبی مذاکرات کے بعد کریملن کا ردعمل محتاط انداز میں مثبت تھا، مذاکرات میں رکاوٹ بننے یا غلط تاثر پیدا کرنے والا کوئی بیان نہیں دیں گے، روسی وزیر خارجہ
منیلا (وائس آف رشیا): روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ یوکرین تنازع کے حل کے لیے روس، امریکہ اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات یقینی طور پر جاری رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روس مذاکراتی عمل کے بارے میں فی الحال کوئی ایسا بیان نہیں دے گا جس سے غلط تاثر پیدا ہو یا کھلی بات چیت میں رکاوٹ آئے۔
فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ ابوظہبی میں امریکی اور یوکرینی نمائندوں کے ساتھ ملاقات کرنے والے روسی مذاکرات کاروں نے صدر ولادیمیر پوتن کو مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ ابوظہبی مذاکرات کے بعد کریملن کی جانب سے سامنے آنے والے تبصرے محتاط انداز میں مثبت تھے۔
انہوں نے کہا کہ روس فی الحال کوئی ایسا بیان نہیں دے گا جو مذاکرات کی اصل صورتحال کے بارے میں غلط تاثر پیدا کرے یا کھلے انداز میں جاری بات چیت کو متاثر کرے۔
روسی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ روس، امریکہ اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کا سلسلہ یقینی طور پر جاری رہے گا۔
نیٹو کے فوجی ڈھانچے کو 1997 کی پوزیشن پر واپس لانے کا معاملہ
صحافیوں نے سرگئی لاوروف سے سوال کیا کہ کیا نیٹو کے فوجی ڈھانچے کو 1997 کی پوزیشن پر واپس لانے کا روسی مطالبہ اب بھی برقرار ہے؟
اس سوال کے جواب میں روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ آپ خفیہ معاملات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 1997 میں جب روس اور نیٹو کے درمیان بنیادی معاہدے پر دستخط ہوئے اور روس نیٹو کونسل قائم کی گئی تو روس نے اسے نیٹو کی مشرق کی جانب توسیع روکنے کا ایک اچھا موقع بلکہ ضرورت سمجھا تھا۔
سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس نیٹو بنیادی معاہدے میں باہمی دوستی کی یقین دہانیاں اور ایسے اعلانات شامل تھے جن میں کہا گیا تھا کہ روس اور نیٹو ایک دوسرے کے مخالف نہیں ہیں اور نہ ہی ایک دوسرے کے لیے کوئی خطرہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان یقین دہانیوں کو بہت خوبصورت اور پُرشکوہ الفاظ میں پیش کیا گیا تھا۔
نیٹو نے سیاسی وعدوں اور قانونی ضمانتوں میں فرق پیدا کیا، لاوروف
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس معاہدے کے بعد کافی وقت گزر چکا ہے اور روس نے ایک مرتبہ پھر نیٹو کی معاہدوں کی پاسداری کرنے کی صلاحیت کو آزمایا۔
سرگئی لاوروف کے مطابق نیٹو نے بعد میں یہ مؤقف اختیار کرنا شروع کردیا کہ روس کے ساتھ کیے گئے وعدے سیاسی نوعیت کے تھے، جبکہ قانونی طور پر پابند سلامتی کی ضمانتیں صرف نیٹو کے رکن ممالک کو فراہم کی جاسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح نیٹو نے نئے ممالک کو اپنی رکنیت کی جانب راغب کرنے کے لیے ایک ترغیب پیدا کی، جس میں سابق سوویت ریاستیں بھی شامل تھیں۔
روسی وزیر خارجہ کے مطابق نیٹو کے اس طرزعمل نے روس کے ساتھ ماضی میں کیے گئے وعدوں اور سلامتی سے متعلق یقین دہانیوں کی نوعیت پر سوالات کھڑے کیے۔









